بھٹکل 27/نومبر (ایس او نیوز)بلاک کانگریس صدر مسٹر وٹل نائک کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت کی طرف سے پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹ بند کردینے کے بعد عوام کو ہونے والی مشکلات کے خلاف بلاک کانگریس کی جانب سے بھٹکل میں 28/نومبر کو صبح دس بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔اور اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت صدر ہند کو میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔
احتجاج کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے ویٹھل نائک نے بتایا کہ صبح دس بجے سرکیوٹ ہائوس کے باہر جمع ہوکرایک ریلی نکالی جائے گی، جو شمس الدین سرکل سے گھوم کر اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پہنچے گی، جہاں اے سی کو میمورنڈم پیش کیاجائے گا۔
مسٹر وٹل نائک نے اخباری نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت نے نوٹ بندی کا جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کااستقبال کرتے ہیں۔ مگر پہلے سے ضروری تیاریاں کیے بغیرنوٹ بندی کرنے سے عام آدمی کو بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نوٹ تبدیل کرنے کے لئے لوگ بینکوں کے باہر لمبی لمبی قطاروں میں ٹھہر کر تنگ آچکے ہیں۔ چھُٹے پیسے یا روزگاری کا مسئلہ الگ سے کھڑا ہوگیا ہے۔بینکوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ دو ہزار روپے کے نوٹ ہی فراہم کیے جارہے ہیں۔ روزگاری نہ ہونے کی وجہ سے غریب اور عام آدمی کے لئے ان نوٹوں کو بازار میں استعمال کرنا ممکن نہیں ہورہا ہے۔مرکزی حکومت کو چاہیے کہ ان مسائل کا حل فوری طور پر نکالے۔
انہوں نے مزید کہاکہ نوٹ بندی اور نئے نوٹوں کو مارکیٹ میں لانے کے تعلق سے بہت ساری چہ میگوئیاں اورافواہیں گردش کررہی ہیں جس سے عوام کے اندر عجیب سی وحشت پیدا ہوگئی ہے۔ نئے نوٹوں کے اندر بھی کچھ خامیاں ہونے کی باتیں سننے میں آرہی ہیں۔ نئے دو ہزار کے نوٹوں کی وجہ سے ملک کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کی وارداتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ان سب باتوں کے پیش نظر عوام کی مشکلات حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بنداور ہڑتال کی اپیل کرنے کے بجائے شہر میں احتجاجی ریالی نکالی جائے گی اور یادداشت پیش کی جائے گی۔انہوں نے کانگریس کارکنان سمیت مقامی عوام سے اپیل کی ہے کہ اس احتجاجی ریالی میں کثیر تعداد میں شریک ہوکر مظاہرے کو کامیاب بنائیں۔